پیٹرول سستا ہونےسے مہنگائی کو بھی بریک لگ گئی

 پیٹرول کی قیمت میں کمی اور روپیہ مستحکم ہونے سے طوفانی رفتار سے بڑھتی مہنگائی کو بھی بریک لگ گئی، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی کا رجحان، پیک شدہ اشیا فروخت کرنیو الی ملٹی نیشنل کمپنیاں عوام کو ریلیف دینے پر تیار نہیں، پیک شدہ آئٹمز کی قیمت جوں کی توں برقرار ہے، ہول سیل سطح پر چینی، آٹا، گھی تیل، چینی، دالوں اور چاول کی قیمت یومیہ بنیادوں پر کم ہونے لگی۔
تاہم خوردہ سطح پر منافع خوری کا رجحان برقرار ہے، کراچی ہول سیل گراسرز گروپ کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، روپے کی قدر میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اداروں کے کریک ڈاؤن سے اشیاء خورونوش کی قیمتیں تیزی سے کم ہورہی ہیں، تاہم، انتظامی اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔
تاکہ مہنگائی کے مارے عوام کوریلیف دیا جاسکے، انھوں نے کہا کہ جمعے کو چینی کی تھوک قیمت 128 روپے کی سطح پر آگئی، چینی کی ایکس مل قیمت 124 روپے پر آگئی، درآمدی گندم کی قیمت 95 روپے کلو پر آگئی، تاہم، آٹا مہنگا فروخت ہورہا ہے، فلور ملیں ڈھائی نمبر آٹا 131 روپے فائن 144 روپے فروخت کررہی ہیں، نئی فصل آنے سے چاول کی قیمت میں بھی نمایاں کمی آرہی ہے، چاول کی تھوک قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے، درآمدی گندم کی قیمت کے لحاظ سے آٹا 110 روپے کلو سے زائد نہیں فروخت ہونا چاہیے۔

Back to top button