پی سی بی کاپاک-افغان T20 سیریزمارچ میں کرانے کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مارچ کے آخر میں افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، تینوں میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف شارجہ میں مارچ کے آخر میں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک۔افغان کرکٹ سیریز کا مقصد آسٹریلیا کی جانب سے افغانستان کے خلاف دوطرفہ سیریز سے دستبرداری کے بعد ہونے والے نقصان کی تلافی کرنا ہے، میں نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے افغانستان کو بی سی سی آئی، پی سی بی، بی سی بی اور ایس ایل سی بورڈز کی آمدنی میں برابر حصہ دینے کے فیصلے کی بھی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ آسٹریلیا نے طالبان کی جانب سے خواتین کے حقوق کے خلاف کیے گئے اقدامات کو جواز بناتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف مارچ میں ہونے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ طے شدہ سیریز آئی سی سی سپر لیگ کا حصہ تھی جو آسٹریلین ٹیم کے دورہ بھارت کے بعد مارچ میں ہونی تھی۔
دورے سے دستبرداری کے موقع پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم، ان پر روزگار کے مواقع کی بندش اور ان کے تفریحی مقامات اور جِم جانے سے متعلق عائد مزید پابندیوں کے حالیہ اعلان کے بعد کیا گیا۔
