چیف الیکشن کمشنر اور 2 ارکان کے ناموں پر اتفاق کا امکان

حکومت اور اپوزیشن میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے 2 ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے کا امکان ہے. ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے لئے حکومت اور اپوزیشن نے سکندر سلطان راجہ کے نام پر رضامندی کا اظہار جبکہ بلوچستان سے ممبر کے لئے شاہ محمود جتوئی کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ الیکشن کمیشن ممبران و چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسپیکر آفس میں مذاکرات ہوئے۔ اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 افراد ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام پیش کیے جبکہ حکومت نے جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ کے نام پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبران کے نام فائنل ہوگئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنرکے لئے حکومت کے تجویز کردہ سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ہوگیا۔ بلوچستان اور سندھ سے کمیشن کے ارکان کے لئے اپوزیشن کے تجویز کردہ نام طےپا گئے ہیں۔ ممبر سندھ کے لیے نثار درانی اور ممبر بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی کے نام پر اتفاق ہوگیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد پارلیمانی کمیٹی کل ناموں کا اعلان کریگی۔ اپوزیشن نے کہا ہے کہ کل ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی اور فیصلے کا اعلان پارلیمانی کمیٹی میں کیا جائیگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ آج ہم نے الیکشن کمیشن اراکین کے تقرر کے حوالے سے 95 فیصد پیشرفت کر لی ہے، اب چیف الیکشن کمشنر کے لئے 6 نام زیر غور ہیں، امید ہے کل ان میں سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔
قبل ازیں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کیلئے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر ناصر کھوسہ،اخلاق تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کئے تھے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو جوابی خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پچیس نومبر کو شروع ہونے والے عمل کو غیر ضروری التواء کا شکار کیا جا رہا ہے۔ آپ کے تجویز کردہ ناموں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ہمارے ناموں پر بھی نظر ثانی کریں۔ شہباز شریف نے خط میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے جلد اتفاق رائے پیدا کیا جائے تاکہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نئے نام تجویز کئے ہیں جن میں جمیل احمد، فضل عباس میکن اور سکندر سلطان راجہ شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button