چین نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، حکومت

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور دیگر دوست ممالک نے بھی پاکستان کو مشکل صورت حال سے دوچار ہونے سے بچایا۔
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ہونے والے مختصر مدت کے معاہدے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا گورنر ہاؤس پنجاب میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان کی موجودہ معاشی صورت حال کی وجہ کو جاننا بہت ضروری ہے، 2018 تک پاکستان ترقی کر رہا تھا لیکن پھر بدترین دھاندلی کے ذریعے عمران نیازی کو مسلط کیا گیا، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا اور پھر اس کی دھجیاں بکھیر دیں، پی ٹی آئی دور میں گندم اور چینی پہلے ایکسپورٹ کی گئی اور پھر امپورٹ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کئی ماہ سے بات چیت چل رہی تھی، آئی ایم ایف کے ساتھ بڑی سنجیدگی کے ساتھ گفتگو چل رہی تھی، ہم سب سیاسی جماعتوں نے اپنا سرمایہ داؤ پر لگا دیا تاکہ پاکستان ڈیفالٹ نہ ہو۔ان کا کہنا تھا ایم ڈی آئی ایم نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو، ایم ڈی آئی ایف نے پیرس معاہدے کے بعد بہت سنجیدگی دکھائی، ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آگے بڑھیں پاکستان بھی آگے بڑھے، 9 مہینے کا تین ارب ڈالر کاپروگرام ہے، جولائی کی بورڈ میٹنگ کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف سے قسطیں ملنا شروع ہو جائیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا آئی ایم کے ساتھ معاہدے کے لیے جہاں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کی وہیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھرپور طریقے سے سفارت کاری کی اور ہماری کوششوں کے علاوہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب اور یو اے ای سے قرض دلانے کے لیے بہت کلیدی کردار ادا کیا، یہ سب کام کوئی اکیلا فرد نہیں کر سکتا، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا چین نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا، 5 ارب ڈالر چین کے کمرشل قرضے فراہم کیے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک نے بھی پاکستان کی بہت مدد کی، تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کے چانسز کم تھے لیکن اگر خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ ہو جاتا تو میں خود کو معاف نہیں کر پاتا، پیرس کانفرنس میں سری لنکا کے صدر نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں مدد کی لیکن کچھ دوست نما دشمنوں نے کوشش کی کہ پاکستان سری لنکا بن جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا 9 مئی کے واقعات اس کی کڑی ہے، 9 مئی کا واقعہ پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کی سازش تھی، 9 مئی کی سازش میں اندر اور باہر کے دشمن شامل تھے، یہ لوگ چاہتے تھے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام نہ ہو، پاکستان تباہ ہو جائے، ملک میں انارکی ہو جائے، 9 مئی بہت بڑا شر تھا، خیر کی بات یہ تھی کہ مکروہ چہرے سامنے آگئے۔
