ڈھاکا پریمیئر لیگ – اعلیٰ عہدیدار تصادم میں زخمی

بنگلادیش میں فیکٹری ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیدار بھی زخمی ہوگئے۔ ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ آفیشلز میچ کروانے کے لیے بنگلادیش کے نیشنل اسپورٹس انسٹیٹیوٹ کا رخ کررہے تھے جہاں ایونٹ کے دو میچز شیڈول تھے تاہم انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹس فیکٹری کے ملازمین اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث بدترین ٹریفک جام تھا جس میں یہ عہدیدار بھی پھنس گئے۔
کرکٹ کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق چند شرپسند عناصر نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے عہدیداروں کی گاڑی پر بھی حملہ کیا جس سے ان کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی تاہم گاڑی کے اندر موجود میچ آفیشلز پولیس اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سیکیورٹی آفیشلز کی مدد سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ تصادم کے دوران ڈھاکا پریمیئر لیگ کے اعلیٰ عہدیداروں کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم وہ پولیس کی مدد سے نیشنل اسپورٹ انسٹیٹوٹ آف بنگلادیش پہنچنے میں کامیاب رہے تاہم میچ آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔واضح رہے گزشتہ روز ڈھاکا پریمیئر لیگ کے میچ میں بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے امپائر سے بدتمیزی کی تھی اور وکٹوں کو لات بھی ماری تھی جس کی وجہ سے ان پر 3 میچوں کی پابندی اور جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

Back to top button