ٹی20ویمنزورلڈکپ:بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی کی اپنی امیدیں روشن کر لیں۔
مانچسٹر کےاولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔بھارتی ٹیم نے137رنزکاہدف 16.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
بنگلادیش کی جانب سے جویریہ فردوس 33 اور کپتان نگار سلطانہ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ بھارتی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو بڑا سکور بنانے سے روک دیا۔ بھارت کی جانب سے رادھا یادیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شری چرنی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کی فتح میں اوپنر شفالی ورما نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں متعدد چوکے اور چھکے شامل تھے۔ جمیما روڈریگس نے بھی 26 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم حصہ ڈالا۔ اپنی عمدہ بیٹنگ کے باعث شفالی ورما کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
کامیابی کے ساتھ بھارتی ٹیم نے نہ صرف ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کی بلکہ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو بھی برقرار رکھا۔
بنگلادیشی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنی مشکلات میں مزید اضافہ کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ میں بھارت نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اہم فتح اپنے نام کی۔
