ایران نے منجمداثاثوں سےمتعلق ٹرمپ کا بیان مسترد کردیا

ایرانی پارلیمان کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے منجمد اثاثوں سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسترد کردیا۔
ایرانی سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا یہ جھوٹا تاثر دے رہا ہے کہ ایران اپنے غیر منجمد اثاثوں سے امریکی زرعی اجناس خریدے گا حالانکہ ایسا کوئی معاہدہ یا منصوبہ موجود نہیں۔
محمد باقر قالیباف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ امریکا دعویٰ کر رہا ہے کہ ہمارے غیر منجمد اثاثے ان کی زرعی مصنوعات خریدنے پر خرچ ہوں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم صرف وہی فصل کاٹ رہے ہیں جو آپ نے بوئی تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ فصل دہائیوں پر محیط بداعتمادی ہے اور بہت وافر مقدار میں ہے۔بظاہر امریکا کی واحد برآمدات جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سویا بین، ٹوٹے ہوئے وعدے اور اشتعال انگیز بیانات ہیں۔
گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے منجمد اثاثوں سے امریکی کسانوں اور مویشی بان سے اجناس و جانور خریدیں گے تاکہ ایران میں غذائی قلت کو دور کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکا نے دہائیوں سے ایرانی تیل پر پابندی عائد کررکھی تھی اور بین الاقوامی بینکوں میں اس کے اربوں ڈالر منجمد ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے بعد اب ان اثاثوں کی بحالی کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
