کترینہ کیف اور سلمان خان دوبارہ اکٹھے ہو گئے


بار بار ملنے اور جدا ہونے والے بھارتی اداکار سلمان خان اور باربی ڈول کے نام سے معروف اداکارہ کترینہ کیف کی جوڑی ایک مرتبہ پھر سے اکٹھے ہو گئی ہے اور اسکی وجہ بنی ہے روس میں ہونے والی فلم ‘ٹائیگر 3’ کی شوٹنگ۔ کترینہ اور سلمان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ دونوں کا تعلق کچھ ایسا گہرا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے یہ ٹوٹتا نہیں، اور دونوں ادھر ادھر عشق لڑانے کے بعد اچانک دوبارہ اکٹھے ہو جاتے ہیں. بتایا جا رہا ہے کہ سلمان خان اور قطرینہ کیف ایک لمبے عرصے کے بعد دوبارہ سے ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں اور روس کے مختلف تاریخی مقامات پر ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے سیر کرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
کترینہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر روس کے معروف شہر سینٹ پیٹرز برگ کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں انہیں مختلف مقامات کی سیر کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں کترینہ کیف روس کے پارکس اور شہر کی گلیوں میں چہل قدمی کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ‘پارک میں ایک دن’۔ کترینہ کیف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ سینٹ پیٹرز برگ کی خوبصورتی اور موسم سے لطف اندوز ہوتی ہوئی کافی خوش دکھائی دے رہی ہیں۔
کترینہ کے ساتھ ‘ٹائیگر 3’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بولی وڈ اداکار سلمان خان بھی ان دنوں شوٹنگ کے لیے روس میں موجود ہیں۔
قبل ازیں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سلمان خان کو مداحوں کے ساتھ فلم کے سیٹ پر سیلفیز بنواتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر سلمان خان کی ایک اور تصویر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں وہ پہچانے نہیں جا رہے۔ تصویر میں سلمان خان کے بھورے رنگ کے بال اور داڑھی کی وجہ سے وہ بہت مختلف نظر آرہے تھے۔ یاد رہے کہ فلم ‘ایک تھا ٹائیگر’ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم میں سلمان اور کترینہ نے خفیہ ایجنسی کے جاسوس کا کردار نبھایا تھا۔ اس فلم کا سیکوئل ‘ٹائیگر زندہ ہے’ 2017 میں ریلیز ہوا اور یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔ اب یہ دونوں اداکار اس سیریز کی تیسری فلم ‘ٹائیگر 3’ میں اپنے ان ہی کرداروں کو نبھاتے نظر آئیں گے جبکہ اس فلم اداکار عمران ہاشمی ولن کا کردار ادا کریں گے۔ لیکن فلم ‘ٹائیگر 3’ کب تک ریلیز ہوگی اس حوالے سے کسی حتمی تاخیر کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Back to top button