اداکارہ پرنیتی چوپڑا کے جلد پیا گھر سدھارنے کی خبریں گرم

بھارتی اداکارہ پرنیتی چوپڑا جلد پیا گھر سدھارنے والی ہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں خوب گرم ہیں، کہ اداکارہ بہت جلد کم عمر سیاستدان راگھو چڈھا کی دُلہن بننے والی ہیں۔بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پری نیتی چوپڑا کی عام آدمی پارٹی کے رکن اور بھارتی راجہ سبھا کے کم عمر ترین رکن راگھو چڈھا کے ساتھ جلد شادی کا امکان ہے۔
دونوں کو گزشتہ دنوں ایک ساتھ ہوٹل میں بھی دیکھا گیا جبکہ پری نیتی چوپڑا کی مشہور ڈیزائنر منیش ملہوترا کے گھر آمد کے بعد اداکارہ کی شادی کے حوالے سے افواہوں نے مزید آگ پکڑی ہے۔
سوشل میڈیا پر پری نیتی کی منیش ملہوترا کے گھر آمد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین کا خیال ہے کہ اداکارہ نے شادی کے ملبوسات کی تیاری شروع کر دی ہے، تاہم شادی کے حوالے سے پری نیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے اب تک کوئی لب کشائی نہیں کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق راگھو چڈھا اور پری نیتی چوپڑا پرانے دوست ہیں، دونوں نے لندن سکول آف اکنامکس میں ایک ساتھ تعلیم بھی حاصل کی، اب سب کو ان دونوں کے رشتے کے باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ صرف پانچ منٹ میں تیار ہونے کے بیان پر بھی انسٹا گرام پر کافی وائرل ہوئی تھیں، حال ہی میں اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر دو تصاویر شیئر کی ہیں، ان تصاویر میں انہوں نے اپنے شو کلیکشن کی جھلک مداحوں کو دکھائی ہے۔ پرنیتی چوپڑا کے اتنے بڑے کلیکشن کو دیکھ کر مداح بھی حیران رہ گئے ۔
پرنیتی چوپڑا نے ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 5 منٹ میں تیار ہوتی ہیں۔ پہلے تصویر میں پرنیتی چوپڑا کو ایک صوفے پر کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ تصویر کے لئے پوز دے رہی ہیں، وہیں، دوسری تصویر میں وہ اپنے لئے شو سلیکٹ کرنے کے پروسیس میں دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے باتھ روب پہنا ہوا ہے۔ ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، پانچ منٹ میں تیار، میرا پرامس ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ پرنیتی چوپڑا کی ایکشن فلم ’’کوڈ نام ترنگا‘‘ کو مداحوں کی جانب سے کافی سراہا گیا تھا، اداکارہ کے مطابق وہ ہمیشہ سے ایکشن فلم کرنا چاہتی تھیں اس لیے اپنے کام کی تعریف پر بہت خوش ہیں، انہوں نے دل و جان سے ایک ایسے ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے جو قوم کو بچانے کے لیے سب کچھ داؤ پر لگا دیتا ہے۔