کرینہ کپور نے خود کو 70 فیصد ماں، 30 فیصد اداکارہ قرار دیدیا

بالی ووڈ سٹار کرینہ کپور نے خود کو 70 فیصد ماں اور 30 فیصد اداکارہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے سب کچھ کرنا پسند ہے، بالی ووڈ بے بو کے مطابق بچوں کے آنے کے بعد ان کی زندگی کا رخ بچوں کی طرف مڑ گیا ہے۔
بالی ووڈ انڈسٹری میں ’بےبو‘ کے نام سے پہچانی جانے والی اداکارہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ میں وہ کام بھی کرتی ہوں جو مجھے پسند ہیں مثلاً بچوں میں پڑھنے کی عادت ڈالنے جیسے موضوعات کے بارے میں آگاہی پھیلانا، 42سالہ اداکارہ نے کہا کہ والدین کی حیثیت سے سیف اور میں نے کبھی کوئی چیز میڈیا سے نہیں چھپائی کیونکہ مجھے یقین ہے کہ اگر ہم عزت دیں گےتو ہمیں عزت ملے گی۔
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ جب بھی وہ میڈیا سے کہتی ہیں کہ ان کے بچے سکول میں یا دوستوں کے ساتھ ہوں تو ان کی تصاویر مت کھینچیں تو وہ ایسا نہیں کرتے، ہمیں اس باہمی مفاہمت تک پہنچنا ہے، میں انسٹا گرام پر بھی اپنے مداحوں کا احترام کرتی ہوں، میں نے انہیں اپنی زندگی میں آنے دیا شاید 100فیصد نہیں، میں ہر ایک کو اپنی زندگی میں شامل ہونے کا احساس دلاتی ہوں اور اسی وجہ سے میرے مداح ابھی تک شامل ہیں۔
بہت سی دوسری کام کرنے والی خواتین کی طرح کرینہ کپور خان بھی اپنی ذاتی زندگی اور پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ انٹرویو میں اداکارہ سے پوچھا گیا کہ جب ایک آدمی ایسا کرے تو اس چیز کو بہت ہی مختلف انداز سے دیکھا جاتا ہے اور یہ ایک بڑی بات بن جاتی ہے۔ کرینہ کپور نے ہنستے ہوئے کہا کہ خواتین سے ہمشہ ملٹی ٹاسکر ہونے کی امید کی جاتی ہے، لوگ سوچتے ہیں کہ ہم یہ کر سکتی ہیں، یقیناًہم کر سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور خان ان دنوں راجیش کرشنن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دی کریو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس فلم کی دیگر اداکاراؤں میں تبو اور کریتی سینن شامل ہیں۔ 2012میں کرینہ کپور نےبالی ووڈ اداکار سیف علی خان سے شادی کی تھی اور اس وقت ان کے دو بیٹے جہانگیر اور تیمور ہیں۔
سیف علی خان نے پہلی شادی1991میں بالی ووڈ اداکارہ امریتا سنگھ سے کی تھی تاہم اس جوڑے نے2004میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ امریتا سنگھ سے سیف علی خان کی ایک بیٹی سارہ اور بیٹا ابراہیم علی خان ہیں۔
