کورونا وائرس: چین سے آنیوالے مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ

پاکستان نے چین میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے حفاظتی اقدامات اٹھانا شروع کردیے۔ وائرس سے بچنے کےلیے ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اس ضمن میں لاہور ائیرپورٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے ویکسی نیشن کاؤنٹر بنایا گیا ہے جہاں چین سے آنے والے مسافروں کا چیک اپ کیا جارہا ہے۔ ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق دیگر ممالک کی براستہ چین آنے والی پروازوں کے مسافروں کا بھی معائنہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا مرکز چینی شہر ووہان ہے جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا۔ اب تک اس وائرس سے تقریباً 300 چینی شہری متاثر ہوئے ہیں جب کہ 17 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ وائرس کے امریکا تک پہنچنے کی بھی تصدیق ہوگئی جہاں امریکی شہری میں وائرس پایا گیا ہے۔
وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے، اس وائرس کا تعلق ’سارس‘ سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے۔ووہان انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اس وباء کے پھیلاؤ کا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب تھائی لینڈ اور جاپان میں بھی اس پُر اسرار وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے ہیں اور دونوں ممالک کے حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل ہونے سے قبل دونوں شخص ووہان آئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button