کورونا پھرسراٹھانے لگا،24 گھنٹوں میں2 افراد جاں بحق

ملک میں ایک مرتبہ پھر کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے ہیں۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 ہزار437 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور اس دوران ملک میں کورونا کے 406 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 94 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ کورونا کیسز کراچی میں سامنے آرہے ہیں، شہر قائد میں ایک دن کے دوران 206 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد سے زائد ہے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ وائرس ‘رولر کوسٹر’ کی طرح برتاؤ کر رہا ہے،ملک کو مزید چند برس تک اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، بدقسمتی سے جب کیسز میں کمی آتی ہے تو لوگ سمجھنا شروع کر دیتے ہیں کہ وائرس ختم ہو گیا ہے اور اس وبا سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرنا چھوڑ دیتے ہیں، میں نے خود ذاتی طور پر ایک ہزار سے زائد لوگوں کو شادی کی تقریبات میں شرکت کرتے دیکھا جن میں سے کوئی بھی ماسک نہیں پہنے ہوئے تھا۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کاکہنا تھا کہ پابندیاں عائد کیے جانے سے کئی بازار اور دکانیں بند ہو جائیں گی اور نقل و حمل کی لاگت کم ہو جائے گی، ایک سوال کا جواب دیتےہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کووِڈ 19 کے خلاف مقابلہ کرنے میں مدد دیتا ہے اور اس کے خلاف قوت مدافعت کو بھی بڑھاتا ہے۔

Back to top button