کیا ٹرمپ صدارتی الیکشن میں گند ڈالنے میں کامیاب ہوں گے؟

اگرچہ تین نومبر کو ہونےوالے صدارتی انتخابات میں میں جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہے تاہم حسب توقع ٹرمپ نے اپنی شکست کے پیش نظر رنگ میں بھنگ ڈالتے ہوئے انتخابی نتائج سپریم کورٹ میں لیجانے کا فیصلہ کیا ہے۔
گلی محلے کے لونڈوں کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی روندی ڈالتے ہوئے اپنے حریف بایئڈن کی پارٹی پر الیکشن کو چرانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کردیا ہے۔ بائیڈن کی جانب سے اپنے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے بڑی فتح کا دعویٰ کیے جانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم بڑی فتح کی جانب گامزن ہیں لیکن مخالفین الیکشن چرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
تاہم غلط معلومات پر مبنی ٹویٹ ڈالنے پر کارروائی کرتے ہوئے ٹوئٹر نے فوری طور پر ٹرمپ کی وہ ٹویٹ ہٹا دی جس میں انہوں نے الیکشن کو چرانے کا الزام عائد کیا تھا۔ اب تک کے نتائج کے مطابق بائیڈن 268 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے ٹرمپ سے بہت آگے ہیں جنہوں نے اب تک 214 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے حوالے سے پاکستان میں بھی بھرپور سرگرمی اور دلچسپی نظر آ رہی ہے۔ مختلف سوشل میڈیا پر فارمز بالخصوص ٹوئٹر پر صارفین امریکی انتخابات کا پاکستان میں ہونے والے پہلے انتخابات سے موازنہ کرکے دلچسپ پوسٹ اور میمز شیئر کر رہے ہیں۔ پاکستان کے بیشتر سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ امریکہ میں بھی وہی صورتحال پیدا ہو چکی ہے جو 2013 اور 2018 میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران پیدا ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ نون نے اکثریت حاصل کی تھی تاہم تحریک انصاف نے وسیع پیمانے پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے انتخابی نتائج کو مسترد کرکے طویل دھرنا دیا تھا۔ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے برتری حاصل کی تو ن لیگ اور دیگر جماعتوں کی جانب سے نتائج کو مسترد کر دیا گیا۔ بڑا الزام یہ تھا کہ آر ٹی ایس یعنی رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم کو جان بوجھ کر خراب کرکے نتیجہ تحریک انصاف کے حق میں بدل دیا گیا۔ حالیہ امریکی صدارتی انتخابات کا حتمی نتیجہ تو سامنے نہیں آیا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن دونوں ہی فتح کے دعوے کر رہے ہیں لیکن مسلسل دوسری بار وائٹ ہاؤس کا مکین بننے کے خواہش مند امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاصے برانگیختہ دکھائی دیتے ہیں اور انہوں نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یعنی امریکہ میں بھی انتخابی نتائج پر جھگڑا ہوگیا ہے۔
اینکر پرسن سلیم صافی نے انتخابی تنازع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا کہ کیا امریکہ بھی نیا پاکستان بن جا رہا ہے۔
سفینہ نامی ایک صارف نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹرمپ کی جانب سے لکھا سر آج آپ کی بڑی کمی محسوس ہو رہی ہے۔ کالم نگار عمار مسعود نے نے طنزیہ انداز میں ٹویٹ کیا کہ میں وائٹ ہاؤس کے سامنے ایک کنٹینر کھڑا دیکھ رہا ہوں۔ دانشور اور ڈرامہ نگار انور مقصود نے ٹویٹ کیا کہ کچھ دیر پہلے جوبائیڈن کو ٹیم پر واضح برتری حاصل تھی۔ خواجہ آصف نے ٹرمپ کو مشورہ دیا کہ وہ آرمی چیف کو کال کریں جس کے بعد ٹرمپ کی پوزیشن بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف وقار ملک نے لکھا کہ امریکہ میں بھی آر ٹی ایس سسٹم بیٹھ گیا ہے اور ٹرمپ نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگا دیا ہے۔
ٹویٹر صارف ہنس منصور بدوی نے نواز شریف کی تصویر پر ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ لگا کر لکھا ووٹ کو عزت دو۔ اور ساتھ جلد آرہا ہے کا کیپشن بھی دیا۔
انتخابی نتائج میں ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ پر برتری پاتا دیکھ کر ایک صارف احتشام الحق نے لکھا کہ مجھے سب سے زیادہ افسوس بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر ہورہا ہے جنھوں نے بڑی محنت کے اتھ ٹرمپ انتطامیہ سے تعلقات قائم کیے تھے اب جو بائیڈن کی جیت کی صورت میں انہیں دوبارہ سے سے محنت کرنا ہوگی۔
وقاص جٹ نامی ٹوئٹر صارف نے امریکیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ صدارتی انتخابات میں تنازعہ کھڑا ہونے کے بعد امریکہ والے تو یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ جو کروا رہا ہے امریکہ کروا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر بڑی وائرل ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان خان کے ساتھ فون لگائے نظر آتے ہیں ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ عمران جانی میں بڑی مشکل میں ہو بتاؤ میں کیا کروں؟ عمران خان کی تصویر کے ساتھ جواب اگر یہ لکھا نظر آتا ہے کہ ٹرمپ جانی، سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں۔۔۔۔
امریکہ کے صدارتی الیکشن میں چاہے ڈرامہ جیتے یا جو بائیڈن۔ بہرحال پاکستانیوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر پر اس معرکے کو خوب انجوائے کیا اور حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے حامی سوشل میڈیا صارفین نے طرح طرح کے تبصرے کر کے پاکستان میں ہونے والے انتخابات کی یاد تازہ کرادی ہے۔
