گوگل نے اب تک قائداعظم کا ڈوڈل کیوں جاری نہیں کیا؟

یوم مزدور سے لیکر پاکستانی فنکاروں کے یوم پیدائش تک کے ڈوڈل جاری کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی سرچ انجن ویب سائٹ گوگل آج دن تک بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا ڈوڈل جاری کرنے سے انکاری ہے اور جناح کے یوم پیدائش اور یوم وفات پر ہمیشہ انہیں نظر انداز کر دیتی ہے۔
پاکستانیوں کی امیدوں کے برعکس بانی پاکستان محمد علی جناح کے 146 ویں یوم پیدائش پر بھی گوگل نے ان کا ڈوڈل جاری نہیں کیا، جبکہ مہاتما گاندھی کا ڈوڈل جاری کیا جا چکا ہے۔ گوگل پاکستان کے لیے گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے ’ڈوڈل‘ جاری کرتا آ رہا ہے۔ تاہم اس نے آج تک نہ تو بانی پاکستان کا ’ڈوڈل‘ جاری کیا ہے اور نہ ہی مفکر پاکستان علامہ اقبال کا۔ یاد رہے کہ گوگل نے پاکستان کے لیے 2010 سے ’ڈوڈل‘ جاری کرنا شروع کیے تھے اور پہلی بار یکم مئی 2010 کو ’یوم مزدور‘ پر پاکستان میں ڈوڈل جاری کیا گیا تھا۔ گوگل کے ڈوڈل ریکارڈ کے مطابق 2010 سے اب تک پاکستان کے لیے 72 ڈوڈل جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں عبدالستار ایدھی، استاد نصرت فتح علی خان، مہدی حسن، اقبال بانو، نازیہ حسن، نور جہاں، حنیف محمد، وحید مراد، سعادت حسن منٹو، معین اختر، فاطمہ ثریا بجیا اور وحید مراد سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں، اسی طرح گوگل نے کبھی اہم پاکستانی سیاستدانوں کے ’ڈوڈل‘ بھی جاری نہیں کیے، نہ تو ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا ڈوڈل جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کا۔
ایسے میں سوال یہ ہے کہ گوگل کی جانب سے بانی پاکستان اور مفکر پاکستان کے ڈوڈل جاری نہ کرنے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے۔ سازشی نقطہ نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ گوگل، ٹوئیٹر، یوٹیوب کی اہم پوزیشنز پر بھارتی شہری تعینات ہیں لہذا یہ حقیقت پاکستانیوں کو سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے کہ اس معاملے میں کہیں نہ کہیں بھارت کی روایتی مخالفت کا عنصر ضرور کارفرما ہو گا۔
گوگل نے جہاں ایک دہائی میں پاکستانی شخصیات، قومی دنوں، فیسٹیولز اور دیگر مواقع پر محض 72 ڈوڈل جاری کیے ہیں، وہیں اس نے پڑوسی ملک بھارت کے لیے 270 ’ڈوڈل‘ جاری کیے۔ گوگل ماضی میں بھارت کے موہن داس کرم چند گاندھی کا ’ڈوڈل‘ بھی جاری کر چکا ہے، جبکہ وہاں کے دیگر اہم سیاستدانوں کے لیے بھی خاکے جاری کیے جا چکے ہیں، گوگل نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پوری دنیا کے ممالک کے لیے وہاں کے دنوں کی مناسبت سے ’ڈوڈل‘ جاری کرتا ہے۔ ’ڈوڈل‘ کے ذریعے گوگل ہر ملک کی اہم ترین شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، گوگل نے ’ڈوڈل‘ جاری کرنے کا آغاز دو دہائیاں قبل شروع کیا تھا اور خود گوگل کا آغاز 1998 میں ہوا تھا اور اسے دنیا کے سب سے بڑے انٹرنیٹ سرچ انجن اور انٹرنیٹ کمپنی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
