یوم دفاع کے موقع پر مسلح افواج کا شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت

6 ستمبر قومی اتحاد، جرات اور عزم کی لازوال علامت ہے، شہدا کے اہلِ خانہ بھی عزم و حوصلے کی دائمی علامت ہیں: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: 6 ستمبر یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے شہدائے پاکستان کو سلام پیش کیا۔ مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور شہدا کے اہلِ خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں اور خدمات پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، جرات اور عزم کی لازوال علامت ہے۔ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی، جبکہ شہدائے پاکستان فرض، غیرت اور قربانی کی اعلیٰ ترین اقدار کے امین ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے عظیم قربانیاں دیں۔ ہمارے شہدا کے اہلِ خانہ عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی دائمی علامت ہیں۔

Back to top button