یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق پاکستانی کپتان یونس خان کو 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ پاکستان ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یونس خان کی تقرری کم از کم دو سال کے لیے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 تک کی گئی ہے جہاں آسٹریلیا میں شیڈول ایوںٹ کا فائنل 13 نومبر کو کھیلاجائے گا۔ یونس خان نے دورہ انگلینڈ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کی تھیں اور بورڈ نے ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مستقل یہ ذمے داری سونپ دی ہے جس کے بعد وہ 23نومبر کو ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ ہوں گے۔ جب قومی کرکٹ ٹیم کی کوئی بین الاقوامی مصروفیت نہیں ہو گی تو یونس خان کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔ یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10ہزار 99 رنز بنانے والے یونس خان پاکستان کی جانب سے کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ میں 34 سنچریوں کی مدد سے 10ہزار رنز بنانے والے واحد بلے باز ہیں جبکہ 265 ایک روزہ میچز میں 7ہزار 249 اور 25 ٹی20 میچز میں442 رنز اسکور کیے۔ یونس کی زیر قیادت پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ 2009 کا چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا جہاں فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اس پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونس خان اب کم از کم آئندہ دو برس تک بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ہمارے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونس کے کام کرنے کے اصول، عزائم اور کھیل کے بارے میں علم کسی سے کم نہیں، ہم پر امید ہیں کہ ان کی تقرری سے باصلاحیت بلے بازوں کو بہت فائد ہ ہو گا۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ بورڈ نامور کرکٹرز اور کوالیفائیڈ کوچز کی ملک کے بڑے سینٹرز پر تقرری کی پالیسی پر کاربند ہے اور ہم یونس خان کے تجربے اور مہارت سے بھی فائدہ اٹھائیں گے جب ان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کوئی مصروفیت نہیں ہو گی، انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح محمد یوسف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں تعینات ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ پی سی بی کے پاس اب دو بہترین بیٹسیمنوں کی خدمات موجود ہیں جو ہمارے بیٹسمینوں کے مستقبل کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا۔ یونس خان نے ذمے داری دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طویل مدت کے لیے پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ سے لطف اندوز ہوئے تھے اور اب نیوزی لینڈ کے اہم دورے پر انہی لوگوں کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے منتظر ہیں اور خوش ہیں کہ ان کے کام کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک سطح پر کام کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ بلے بازوں کی صلاحیتوں میں نکھار لایا جاسکے اور مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ ہمیں مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بہت محنت اور تحمل کی ضرورت ہے، بورڈ نے اسی طرح سابق ٹیسٹ اسپنر ارشد خان کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ ارشد خان نے 9 ٹیسٹ اور 58 ایک روزہ انٹر نیشنل میچز میں بالترتیب 32 اور 56 وکٹیں حاصل کیں۔ پی سی بی اس سے قبل ڈیوڈ ہیمپ کو بھی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرچکا ہے جو برمودا اور گلیمورگن کرکٹ ٹیموں کے سابق کپتان رہ چکے ہیں۔ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ کوچ)، وقار یونس (بولنگ کوچ)، یونس خان (بیٹنگ کوچ)، عبد المجید (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیوتھیراپسٹ)، ابراہیم بدیس (ٹیم اینڈ سوشل میڈیا منیجر)، ملنگ علی(ٹیم مساجر)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، طلحہ اعجاز بٹ (ٹیم اینالسٹ)، کرنل(ر) عثمان انوری(سیکیورٹی منیجر)اور یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ) شامل ہیں۔ پاکستان شاہینز کے لیے اعجاز احمد (منیجر اور ہیڈ کوچ)، مہتشم راشد (اسسٹنٹ منیجر اینڈ فیلڈنگ کوچ)، رائو افتخار (بولنگ کوچ)، حافظ نعیم (فزیوتھیراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر)، عثمان ہاشمی(ٹیم اینالسٹ)اور محمد عمران علی(ٹیم مساجر)خدمات انجام دے رہے ہیں۔
