چیف جسٹس کی آڈیو سارا ڈرامہ ہے

سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو پر تنقید کرتے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیپس سارا ڈراما ہے ، ملک کا اصل مسئلہ کرپشن ہے۔

کامیاب نوجوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب میں سیاست میں آیا تو 14 سال تک میرا مذاق اڑایا گیا اور کہا گیا کہ دو پارٹی نظام ہے اور تیسری پارٹی نہیں آسکی ۔ان کا کہنا تھا کہ سب اپنی نظروں سے پاکستان کو ایک عظیم قوم بنتے ہوئے دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس کو دنیا میں کامیاب ہونا ہے ، کوئی بھی محنت کے بغیر کامیاب نہیں ہوا، کامیابی کا راز یہ ہے کہ بڑی سوچ رکھنا، خواب جتنا بڑا ہوگا اتنا بڑا انسان ہوگا، اللہ نے انسان کو طاقت دی ہے، جتنا خود کو آزماؤ گے ، چیلنجز کا سامنا کرو گے اتنا بڑے انسان بنتے جاؤ گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کامیاب وہ ہوتا ہے جو بڑی سوچ، بڑا خواب رکھتا ہے اور اس کے بعد ہار نہیں مانتا ہے، جتنی اوپر سوچ رکھیں گے، اتنی زیادہ مایوسیاں آئیں گی، انسان کے کردار کی پہچان برے وقت میں ہوتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کل ٹیپس کی بات ہو رہی ہے ، ٹیپس نکل رہی ہیں، ججوں کے نام آرہے ہیں، میں نے 25 سال پہلے کہا تھا پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے جس ملک کے اندر ان کا سربراہ اور وزیراعظم چوری شروع کردیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قومیں وسائل کی کمی سے غریب نہیں ہوتیں، قومیں اس لیے غریب ہوتی ہیں جب ان کے سربراہ، وزیراعظم اور وزرا چوری کرتے ہیں تو وہ ملک کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ہم اپنا اخلاقی معیار اوپر نہیں اٹھائیں گے، ہم ادھر نہیں پہنچ سکتے جہاں ہمیں پہنچنا چاہئے، اس لیے رحمت اللعالمین اتھارٹی بنائی ہے ۔

Back to top button