اسحاق ڈار سےاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے امیدوارکی ملاقات

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے یوگنڈا کے سابق وزیراعظم اور صدر کے خصوصی نمائندے عالی روحکانا روگونڈا کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران انہوں نے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور کثیر الجہتی (ملٹی لیٹرل) نظام کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کثیر الجہتی کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی فورمز پر طے پانے والی سمجھوتوں اور فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد کے ذریعے اس نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بین الاقوامی قوانین کے احترام اور بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کے اگلے سیکریٹری جنرل عصری عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کریں گے۔
سفیر اولارا اوتونو نے بین الاقوامی امن و سلامتی میں پاکستان کے دیرینہ کردار بشمول اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اس کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستانی قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
