پاک فوج کابلوچستان میں گرینڈ آپریشن،36 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں بھرپور کارروائیوں کے دوران ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع کوئٹہ کے علاقہ شعبان میں کیا گیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 26 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
قلات میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور دو ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو بھارتی اسپانسر دہشت گردوں کو مار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کوہلاک کیا گیا جبکہ 2026ء میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشت گردوں کو بلوچستان میں مارا جاچکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کے آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔

Back to top button