ہرجانہ کیس: شہباز شریف کی جج سے جرح جلد مکمل کرنے کی درخواست

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہرجانے کے کیس میں جلد از جلد جرح مکمل کرنے کی استدعا کر دی۔
لاہور کی سیشن کورٹ میں 10 ارب روپے کے ہرجانے کے دعوے پر سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل نے استفسار کیا کہ کیا لیگل نوٹس بھجوایا گیا تھا؟ جس پر شہباز شریف کے وکیل نے جواب دیا کہ کوریئر کمپنی کے ذریعے نوٹس ارسال کیا گیا تھا۔
ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ گزشتہ روز قطر کے دورے سے رات کو واپس آئے تاکہ عدالت پیش ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے، سندھ میں پانی داخل ہو رہا ہے، صوبائی و وفاقی حکومتیں مشترکہ اقدامات کر رہی ہیں، زرعی ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی ہے۔ اس کے باوجود وہ عدالت میں موجود ہیں اور چاہتے ہیں کہ جرح جلد مکمل ہو۔
عمران خان کے وکیل نے نوٹس کی رسیدوں پر اعتراض اٹھایا کہ ان پر شہباز شریف کا نام درج نہیں۔ اس پر وزیراعظم نے جواب دیا کہ رسیدوں پر ان کے وکیل کا نام ہے اور تمام ریکارڈ عدالت کے سامنے موجود ہے۔
