امریکہ کی قطر کو اسرائیلی حملہ دوبارہ نہ ہونے کی یقین دہانی

اقوام متحدہ میں امریکی مندوب ڈوروتھی شیا نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطری وزیراعظم اور امیرِ قطر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دوحہ پر اسرائیلی طرز کا حملہ دوبارہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ غزہ سے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں اور اسے امن کی جانب ایک موقع سمجھتے ہیں۔ امریکی مندوب کے مطابق امریکا جنگ بندی، انسانی امداد اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں برطانوی مندوب نے بھی خطاب کیا اور قطر پر اسرائیلی حملے کو دوحہ کی خودمختاری و سلامتی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام علاقائی کشیدگی میں اضافے اور جنگ بندی مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ برطانوی مندوب نے زور دیا کہ حماس فوری طور پر یرغمالیوں کو رہا کرے، سیزفائر ڈیل پر دستخط کرے اور غیرمسلح ہو جائے، جب کہ اسرائیل کو بھی غزہ میں توسیعی آپریشن پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

ادھر غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرلیا ہے، تاہم دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے 9 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کیا تھا جس میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ محفوظ رہی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!