امریکہ اور وینزویلاسمیت متعدد ممالک میں شدید زلزلے،ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

امریکہ، وینزویلا، کریبین جزائر، میکسیکو اور جاپان سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں طاقتور زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے بعد متعدد ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ اور الرٹس جاری کر دیے گئے جبکہ ہنگامی امدادی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلے کے جھٹکے مغربی ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب وینزویلا میں یکے بعد دیگرے آنے والے 7.1 اور 7.5 شدت کے زلزلوں نے شدید تباہی مچا دی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کراکس سے مشرق میں واقع علاقوں میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، جن میں ایک 22 منزلہ عمارت بھی شامل ہے۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کا مرکز کراکس سے تقریباً 284 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا۔ شدید جھٹکوں کے بعد ساحلی علاقوں کے لیے فوری سونامی وارننگ جاری کی گئی جبکہ حکومت نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
امریکی زلزلہ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے، تاہم سرکاری سطح پر جانی نقصان کے حتمی اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے۔ ادھر جاپان کے شمالی علاقوں میں بھی 6.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے ٹوکیو سمیت مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔ جاپانی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز ایواتی کے ساحل کے قریب اور زمین کی سطح سے تقریباً 50 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔جاپانی حکام نے متاثرہ علاقوں کو ہائی رسک زون قرار دیتے ہوئے نگرانی بڑھا دی ہے، جبکہ وزیر دفاع نے فوج کو فضائی سرویلنس اور نقصانات کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
متعدد ممالک میں زلزلوں کے بعد امدادی ادارے الرٹ ہیں اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام نے ساحلی آبادیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مقامی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔
