100میگاواٹ سولرمنصوبہ گلگت بلتستان کیلئےتحفہ ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ 100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کیلئےتحفہ ہے۔

گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر پیشرفت اور آئندہ مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ سولر منصوبے میں شفافیت اور بروقت تکمیل یقینی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے حوالے سے ذمہ داریاں مؤثر انداز میں پوری کی جائیں۔ شہباز شریف نے زور دیا کہ سولر منصوبے کے لیے خریداری کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق  کے بعد ہی کی جائیں۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کی 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری اسٹوریج سمیت 18 میگاواٹ کے سولر سسٹمز دسمبر 2026 تک نصب کر دیے جائیں گے۔ بریفنگ کے مطابق 82 میگاواٹ کے یوٹیلٹی اسکیل سولر منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 82 میگاواٹ کے سولر منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، جبکہ منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں بجلی کی فراہمی کے معیار میں بہتری آئے گی اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

 

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Back to top button