سابق آسٹریلوی کرکٹراینڈریو سائمنڈز ٹریفک حادثے میں ہلاک

آسٹریلوی کرکٹ کےسابق آل راؤنڈراینڈریو سائمنڈز کوئنزلینڈ میں کار حادثے کے دوران ہلاک ہوگئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق پولیس کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ ہفتے کی رات ‘ٹاؤنس ویل’ سے 50 کلومیٹر دور ‘ہروے رینج’ پر پیش آیا، اینڈریو سائمنڈز کار خود چلا رہے تھے، گاڑی پلٹ کر سڑک سے نیچے اتر گئی تھی جبکہ حادثہ ایک ہی گاڑی کا معلوم ہوتا ہے۔پولیس کے مطابق حادثے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

چیئرمین آسٹریلیا کرکٹ لاشلین ہینڈرسن نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ایک اور بہترین کھلاڑی کو کھو دیا ہے۔ ایک بیان میں انکا کہنا تھا اینڈریو سائمنڈز نے 2 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان کرکٹر اور کمنٹیٹر ایڈم گلکرسٹ نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’بہت دکھ ہوا‘.

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر تکلیف ہوئی اور دل ٹوٹ گیا۔ وہ حقیقی آزاد شخص اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک تھے۔

پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے ٹوئٹ میں کہا کہ آسٹریلیا میں کار حادثے میں اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے میدان کے اندر اور باہر مثالی تعلقات تھے، ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہیں۔
ادھربھارتی کرکٹر ہربجھن سنگھ نے ٹوئٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کے اچانک انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، بہت جلدی چھوڑ گئے، انہوں نے سائنمڈز کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کی ہے.

خیال رہے اینڈریو سائمنڈز کی عمر 46 سال تھی، انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 1998 سے 2009 کے درمیان 26 ٹیسٹ میچز سمیت 238 میچ کھیلے، وہ 2003 اور 2007 میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیموں کے رکن بھی رہے اور 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ 198 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی ملک کی نمائندگی کی، سائمنڈز کو 2008 کے مشہور ‘منکی گیٹ ‘اسکینڈل کے حوالے سے بھی یاد رکھا گی۔

یاد رہے کہ اینڈریو سائنمڈز نے ہربھجن سنگھ پر 2008 میں سڈنی ٹیسٹ میچ میں الزام لگایا تھا کہ ہربھجن سنگھ نے انہیں’بندر‘ کہہ کر پکارا تھا جبکہ ہربھجن سنگھ نے بعد میں الزمات کو مسترد کیا تھا تاہم ان پر تین میچوں کی پابندی لگا دی گئی تھی لیکن بھارت کی جانب سے ٹور ختم کرنے کی دھکمی دینے کے بعد ان پر پابندی ختم کر دی گئی تھی، آسٹریلوی کھلاڑی نے بعد ازاں انکشاف کیا تھا کہ وہ بہت زیادہ شراب پینے لگے ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ان کا الکحل سے متعلق معاملات کے باعث لندن میں 2009 میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ سے واپس گھر بھیج دیے جانے کے بعد کنٹریکٹ ختم کر دیا تھا، بعدازاں سائنمڈز اور ہربھجن سنگھ بھارتی پریمیر لیگ میں ایک ساتھ کھیلے تھے۔

Back to top button