عمران کی مخالفت کرنے پر میری ایسی تیسی کی جارہی ہے

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے سوشل میڈیا پر اپنی کردارکشی کا الزام سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پی ٹی آئی کی ہی سوشل میڈیا ٹیم پر لگا دیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی کردارکشی اس لیے کی گئی تاکہ عمران خان کو خوش کیا جائے، جو کہ ان سے سخت ناراض ہیں. اپنی ٹویٹر پوسٹس کے ذریعے عامر لیاقت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ماتحت پاکستان تحریک انصاف کے ٹولے نے سوشل میڈیا پر منظم انداز میں ان کی کردار کشی کی۔یہ دعویٰ انہوں نے گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں کیا ، عامر لیاقت حسین کا اپنی ٹوئٹس میں کہنا تھا کہ ” FIA سائبر کرائم کے اعلیٰ ذرائع نے مجھے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے جس ٹولے کوفواد چوہدری دیکھتے ہیں انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت میری کردار کشی کی مہم چلوائی تاکہ عمران خان جومجھ سےسخت ناراض ہیں، خوش ہوسکیں, خان صاحب میں تو یہاں سے جا رہا ہوں لیکن دیکھ لیجیے خان صاحب آپ کےچاپلوسوں نے پانچ دن تک آپ کی سیاست کو چونا لگادیا۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے عمران خان کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ میں نفرت و محبت کے جذبات کا ایک ایسا عکس ہوں کہ پاکستان میں جب مجھ پربحث شروع ہوتی ہے تو گھر گھر کبھی شادی اور کبھی تنسیخ نکاح کادعویٰ اہم موضوع بن جاتا ہے، عامر لیاقت نے ٹویٹ میں فواد چوہدری کو ” پھپھولے ” کا خطاب بھی دے ڈالا اور کہا کہ ”ان کی کردارکشی کی بات تحقیقات کے مراحل میں ہے لیکن وہ خود نجی معاملے کی تشہیر پریقین نہیں رکھتے ۔انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ وہ جلد ملک چھوڑ جائیں گے لیکن وہ ان سے وعدہ کرتے ہیں کہ وہ روانگی سے قبل انہیں اور فواد چوہدری کو سرپرائز دیتے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر اپنی کردارکشی کا الزام فواد چوہدری یا پی ٹی آئی پر لگایا ہے، اس سے قبل وہ اپنی تیسری اہلیہ دانیہ ملک اور یوٹیوبرز کو اپنی کردارکشی کا ملزم کہتے آئے ہیں۔انہوں نے 15 مئی کو طویل دورانیے کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ دانیہ ملک کے کہنے پر قوم نے ان کا مذاق اڑایا، ان کی کردار کشی کی، انہیں ننگا کیا گیا۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ تیسری اہلیہ دانیہ ملک کو بھی طلاق نہیں دیں گے، کیوں کہ انہوں نے اس سے قبل دوسری اہلیہ طوبیٰ کو بھی خلع نہیں دی تھی اور نہ ہی پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال کو طلاق دی تھی۔
واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین نے تین شادیاں کیں جو تنازعات کا شکر ہو کر ناکام ہو گئیں ،دانیہ ملک سے انہوں نے فروری 2022 میں شادی کی تھی اور گزشتہ ماہ اپریل میں ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں، دونوں کی عمر 33 سال کا فرق تھا لیکن اب عامر لیاقت نے خود اعتراف کیا کہ شادی کے وقت ان کی اہلیہ کی عمر 18 برس نہیں بلکہ 14 یا 15 برس تھی۔ تیسری شادی کے تنازعات کے نتیجے میں ان کی جو ویڈیوز سامنے آئیں ان سے دلبرداشتہ ہو کر اب انہوں نے ملک چھوڑ جانے کا اعلان کیا ہے۔
