عمران کے گمشدہ موبائل فونزمیں کونسا ڈیٹا موجود تھا؟


سابق وزیراعظم عمران خان کے دو موبائل فون غائب ہونے کے بعد افواہیں چل رہی ہیں کہ شاید انہیں چرایا گیا ہے اور چوری کا مقصد ان فونز میں سے ایسی ویڈیوز نکالنا ہو جن کی بنیاد پر خان صاحب کی کردار کشی کی جا سکے۔ دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ شاید فون چوری کروانے کا مقصد وہ ویڈیو حاصل کرنا تھا جس کا ذکر حال ہی میں عمران نے ایک تقریر میں کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے قتل کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور میں نے ایک ویڈیو پیغام میں ان لوگوں کے نام بتا دیئے ہیں جو مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن عمران کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انکے دونوں گمشدہ موبائلز میں ایسا کوئی قابل اعتراض مواد موجود نہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان کے دو موبائل فون چوری ہونے کی تصدیق انکے چیف آف سٹاف شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کی تھی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں شہباز گل کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں ایک طرف جان بوجھ کر عمران خان کو سکیورٹی مہیا نہیں کی گئی اور دوسری طرف ان کے دو فون بھی چوری کر لیے گئے۔ انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ تو بالکل بوکھلا گئے ہیں۔ انکاکہنا تھا کہ عمران نے جو ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا ہے وہ ان فونوں سے نہیں ملنا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کے جلسہ گاہ جانے کے بعد ائیرپورٹ سے فون چوری کروائے گئے۔ لیکن اس بعض گل نے یہ نہیں بتایا کہ کیا عمران خان خود اپنے موبائل فونز ائیر پورٹ پر چھوڑ گئے تھے؟

یاد رہے کہ سیالکوٹ کے جلسے میں عمران نے کہا تھا کہ مجھے جان سے مار دینے کی سازش تیار کی جارہی ہے اس لیے میں نے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرا کے محفوظ جگہ پر رکھ دیا ہے اور اگر مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو عوام کے سامنے آئے گی جس میں سازش کرنے والے تمام افراد کے نام ہوں گے۔ انہوں نے اپنے قتل کی سازش تیار ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ اس ملک کے طاقت ور عہدوں پر بیٹھے عہدیدار کرپشن کو کچھ نہیں سمجھتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ آج نواز شریف کی ن لیگ نے جو حرکت کی ہے، نواز شریف جتنے بڑے بزدل تم اتنی تمہاری پارٹی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دفعہ بھی ان کے جلسے یا ان کی لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی، ہر 3 مہینے کے بعد یہ حکومت گرانے آتے تھے اور تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری بھی تھا اور اس کے علاوہ ڈیزل کے پرمٹ بیچنے والا بھی تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں پہنچنے کے لیے ایک گھنٹہ لگا کیونکہ سارے راستے بند ہیں، اس طرف قافلے آرہے اس طرف لیکن پہنچ نہیں سکتے کیونکہ انہوں نے سازش کے تحت بڑے گراؤنڈ میں جلسہ کرنے سے روکا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہو رہی ہے، یہ انقلاب آرہا ہے، قوم تحریک آزادی کے بعد دوسری آزادی کے لیے تیار ہے اور اپنی حقیقی آزادی کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اس کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا اور اسلام آباد پہنچ کر پرامن رہیں گے لیکن جو حرکت آج کی ہے وہ اگر یہی حرکت کروگے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کروگے تو تمہیں پاکستان میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بند کمروں کے اندر ملک سے باہر اور ملک کے اندر ایک سازش ہو رہی ہے، وہ یہ ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سازش کا مجھے پہلے پتہ تھا اور چند دن پہلے مجھے پورا علم ہوچکا ہے، میں نے ایک ویڈیو کروائی ہے، ویڈیو محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو یہ ویڈیو سامنے آئے گی اور اس ویڈیو میں پچھلی گرمیوں سے میرےخلاف جو سازش ہوئی اور جو اس سازش میں ملوث ہیں، اس میں ایک، ایک کا نام لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے، سازش ہے اور سازش یہ ہے کہ انہوں نے سمجھا ہے کہ یہ عمران خان ہمارے راستے میں رکاوٹ ہے اور اس کو ہٹانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے مارنے کی سازش ہے اور اس لیے میں نے یہ ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کیونکہ میں اس کو سیاست نہیں بلکہ جہاد سمجھتا ہوں اور اپنے اللہ کے لیے لڑتا ہوں۔

Back to top button