اداکاریاسرنوازمریم نوازسے کیوں متاثر ہیں؟

بیٹے کی شادی ہو یا عوامی تقریبات، مریم نواز کی خوبصورتی اور پہناوے کے چرچے ہمیشہ زبان زد عام رہتے ہیں، اب پتہ چلا ہے کہ معروف اداکار اور ہدایتکار یاسر نواز بھی مریم نواز کی شخصیت سے متاثر ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ مریم نواز اب بھی خوبصورت ہیں اور وہ ان کے قدر دان ہیں۔ معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر کے شوہر یاسر نواز نے ایک شو میں اپنی نئی فلم ’’چکر‘‘ کے حوالے دلچسپ گفتگو کی، اس موقع پر یاسر نواز سے مختلف شخصیات کا نام لے کر رائے طلب کی گئی تو انکی جانب سے دلچسپ جوابات سننے کو ملے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں یاسر نواز نے بتایا کہ میں مریم کو جوان تو نہیں کہہ سکتا لیکن وہ دکھنے میں اب بھی جوان اور خوبصورت لگتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ایک سمجھ دار اور باوقار سیاست دان ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق سوال پر یاسر نواز کا کہنا تھا کہ انہیں دیکھ کر نہاری اور پھجے کے پائے ذہن میں آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر اداکار ہمایوں سعید کو ذہن میں رکھوں تو بیوی کا خوف اور پکڑے جانے کا ڈر ذہن میں گردش کرنے لگتا ہے، عامر لیاقت حسین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر یاسر کا کہنا تھا کہ انھیں دیکھ کر شادیاں، شہنائیاں اور بربادیاں ہی ذہن میں آتی ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں یاسر نواز نے وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو ڈوبنے سے بچانے کی درخواست کی تھی، انکا کہنا تھا کہ ہمارا کانٹینٹ بہترین ہوتا ہے اور اس لحاظ سے حاصل ہونے والا معاوضہ بھی صرف پاکستان کے لیے ہوگا لہٰذا فلم انڈسٹری کو بچانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ یاسر نواز کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’چکر‘‘ کو عیدالفطر پر ریلیز کیا گیا تھا، جس کے گانوں، کاسٹ اور کہانی کو پاکستانی شائقین کی طرف سے ملا جلا ردعمل ملا ہے۔
