بھارت میں گستاخ رسولؐ کیخلاف دوسرے روز بھی مظاہرے

بھارت میں توہین رسالت کے مرتکب حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں گزشتہ 2 روز سے شاتم رسول راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں تاہم چار مینار، مغل پورہ، امبر پیٹ، ٹولی چوکی، مہدی پٹنم اور دیگر مقامات پر صورت حال زیادہ کشیدہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ راجہ سنگھ کے خلاف پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے پولیس لاٹھی چارج کا سہارا لے رہی ہے۔

بھارتی میڈیا نے بتایا کہ مطاہرین کا کہنا تھا کہ کچھ مقامی لوگ بھی شناخت کی تصدیق کے بعد مسلمانوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ان کے خلاف بروقت کارروائی نہیں کررہی۔

رپورٹس کے مطابق راجہ سنگھ کے خلاف مظاہروں کے دوران جھڑپوں میں اب تک ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ریپڈ ایکشن فورس، ریاستی پولیس اور آرمڈ ریزرو کے اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کیا گیا ہے۔

ادھر چند علمائے کرام نے احتجاج کرنے والے مسلمان نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جال میں نہ پھنسیں اور اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔

Back to top button