‘گیم آف تھرونز‘ کی سیکوئیل سیریز ‘ہاؤس آف ڈریگن‘ ریلیز


بالآخر معروف امریکی چینل ایچ بی او نے شہرہ آفاق سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کی پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ ریلیز کر دی ہے جس کو پہلے ہی روز ایک کروڑ سے زیادہ صارفین نے دیکھا۔
’ہاؤس آف ڈریگن‘ کو 21 اگست کو ریلیز کیا گیا جس کے کچھ منٹس بعد ایچ بی او میکس کی ایپلی کیشن ہی کریش کر گئی، یوں ہزاروں لوگ سیریز دیکھنے سے محروم رہے، امریکا سے تعلق رکھنے والے لاکھوں صارفین اب بھی ایچ بی او میکس کی ایپلی کیشن ڈاؤن ہونے کی شکایت کر رہے ہیں، صارفین کی جانب سے ایپلی کیشن کریش ہونے کی شکایت کے بعد کمپنی کی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ بعض صارفین کو ایپلی کیشن چلانے میں مشکلات درپیش ہیں، ایپلی کیشن تک رسائی میں مشکلات ان افراد کو پیش آ رہی ہیں جو ایپلی کیشن کو بڑے پردوں سے کنیکٹ کر کے ’ہاؤس آف ڈریگن‘ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایچ بی او نے بتایا کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کو پہلے ہی دن ایک کروڑ صارفین نے دیکھا، جس سے سیریز ایچ بی او پر پہلے دن سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز بن گئی۔ پری سیکوئل سیریز ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ کی کہانی سے 200 سال قبل شروع ہوتی ہے، پری سیکوئل سیریز میں شہرہ آفاق ’گیم آف تھرونز‘ کی طرح بادشاہوں کے درمیان جھگڑے، آگ، جنگ اور سازشوں کی کہانی کو دکھایا گیا ہے، اس کے ٹیزر میں میٹ سمتھ کو بادشاہ کے روپ میں دکھایا گیا تھا جبکہ دیگر کاسٹ میں پیڈی کونسیڈائن، سونویا مزینو، اسٹیو ٹوسینٹ، ریس افانس اور اولیویا کک بھی شامل ہیں۔
ایچ بی او کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ہاؤس آف ڈریگن‘ کے کتنے سیزن ہوں گے اور ہر سیزن کتنی قسطوں پر مشتمل ہوگا، تاہم اطلاعات ہیں کہ ’ہاؤس آف ڈریگن‘ کے بھی کم از کم تین سیزن ہوں گے اور سیریز کے پہلے سیزن میں 10 قسطیں شامل ہوں گی۔
پری سیکوئل کی کہانی بھی جارج آر آر ماٹن نے لکھی ہے اور اس سیریز کی کہانی ’گیم آف تھرونز‘ ڈرامے کی کہانی سے 200 سال قبل شروع ہوتی ہے، پری سیکوئل سیریز کی کہانی جارج آر آر مارٹن کے ناول ’فائر اینڈ بلڈ‘ سے لی گئی ہے جو گیم آف تھرونز کے ناول ‘اے سانگ آف آئس اینڈ فائر’ کا پری سیکوئل ہے،پری سیکوئل سیریز یا ’اسپن آف‘ سیریز میں ڈرامے یا فلم کی کہانی کا آغاز دکھایا جاتا ہے، پری سیکوئل میں شائقین کو دکھایا جاتا ہے کہ اب تک جو انہوں نے ڈراما یا فلم دیکھی وہ دراصل مکمل کہانی نہیں تھی بلکہ اس ڈرامے یا فلم کی اصل کہانی کا آغاز یہاں سے ہوا تھا۔ شہرہ آفاق ڈراما سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کا آغاز 2011 میں ہوا تھا، اس کا دوسرا سیزن 2012، تیسرا 2013، چوتھا 2014، پانچواں 2015، چھٹا 2016، ساتواں 2017 اور آٹھواں 2019 میں جاری کیا گیا تھا،ڈرامے کے پہلے 6 سیزن ہر سال جون میں ریلیز کیے جاتے رہے تاہم ساتواں سیزن اگست 2017 اور آٹھواں یعنی آخری سیزن 2 سال کے وقفے کے بعد مئی 2019 میں جاری کیا گیا تھا۔

Back to top button