آزاد کشمیر میں مون سون بارشوں سے 19 افراد جاں بحق

آزاد کشمیر میں 11 سے 18 اگست کے دوران جاری مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہو گئی، جبکہ درجنوں افراد زخمی اور سیکڑوں مکانات متاثر ہوئے ہیں۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ایک ہفتے کے دوران 19 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 مرد، 6 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 10 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
بلوچستان میں موسلادھار بارشیں، چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں سے تباہی، 2 افراد جاں بحق
ایس ڈی ایم اے کے مطابق قدرتی آفات کے باعث 404 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 87 مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 27 دکانیں، 13 پن چکیاں، 20 پل اور 24 کلومیٹر طویل سڑکیں بھی تباہ ہو گئیں۔
مزید برآں، فلیش فلڈز کے باعث 26 اسمال ہائیڈرو پاور اسٹیشنز بھی متاثر ہوئے۔ واٹر سپلائی کے 59 منصوبے اور آبپاشی کی 40 نہریں بارشوں کی زد میں آئیں، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث 12 گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو اور بحالی کے کام جاری ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
