190 ملین پاؤنڈ کیس: ہائیکورٹ کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل کےلیے آخری مہلت

 

 

 

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دلائل کے لیے آخری مہلت دے دی۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ کی جانب سے جاری حکم نامے میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو اپیلوں پر دلائل دینے کے لیے آخری مہلت دی گئی ہے۔

عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر اپیلوں کے حق میں دلائل پیش نہ کیے گئے تو مزید وقت فراہم نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نیب کا مؤقف سننے کے بعد دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر اپیلوں کا فیصلہ کرے گی۔

حکم نامے کے مطابق سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر مزید التواء کی درخواست نہیں کریں گے اور اپیلوں پر اپنے دلائل مکمل کریں گے۔

عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی یقین دہانی کی بنیاد پر کیس ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ مقدمے میں آخری مہلت ہے۔

 

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر اگر اپیلوں پر دلائل مکمل نہ کیے گئے تو کیس مزید ملتوی نہیں کیا جائے گا اور نیب کا مؤقف سننے کے بعد دستیاب ریکارڈ کی روشنی میں فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

 

Back to top button