پنجاب: ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت، 75 دن میں 1129 سڑکیں مکمل

پنجاب میں ترقیاتی منصوبے ریکارڈ رفتار، اعلیٰ معیار اور نمایاں بچت کے ساتھ مکمل کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت صرف 75 دن میں 1129 سڑکوں کی تکمیل کے ذریعے قومی سطح پر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں روڈ سیکٹر کے منصوبوں، فنڈز کے استعمال اور جاری ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال اپریل سے جولائی کے دوران پنجاب بھر میں 6 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1567 سکیمیں شامل کی گئی ہیں، جن کے تحت 3400 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ان میں سے 1129 سکیمیں ریکارڈ مدت میں مکمل ہو چکی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترقیاتی فنڈز کے 99 فیصد استعمال کو یقینی بنایا گیا، جبکہ روڈ بحالی کے منصوبوں میں 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی حاصل کی گئی۔ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فیلڈ سٹاف نے دن رات تین شفٹوں میں کام کیا۔

اجلاس میں مزید آگاہ کیا گیا کہ 93.5 کلومیٹر طویل ملتان–وہاڑی ڈوئل روڈ، 24 کلومیٹر فیصل آباد–چنیوٹ ڈوئل روڈ اور 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے ڈوئل روڈ مکمل کر لی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں سیلاب سے متاثرہ 124 سڑکوں کی بحالی کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت 6 جدید سروس ایریاز کے قیام کی منظوری دی، جن سے سالانہ 50 کروڑ روپے آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام سروس ایریاز رواں سال دسمبر تک فعال کیے جائیں اور رنگ روڈ کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جائے۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں 42 نئی سڑکوں کی سکیمیں شامل کرنے، نئی سڑکوں کی تعمیر کے لیے 51 ارب روپے مختص کرنے اور لوکل روڈز سمیت دیگر منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔

 

دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات نہیں ہوں گے، ایران کا ٹرمپ کو دو ٹوک جواب

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں زیر تعمیر سڑکوں کی تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کی جائے، شاہراہوں پر لین مارکنگ کو یقینی بنایا جائے اور تمام انٹری و ایگزٹ پوائنٹس کی تزئین و آرائش کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے۔

Back to top button