عمران استعفوں کی شروعات صدر علوی سے کریں

سندھ کے وزیر اطلاعات  شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین  عمران خان کو اگر استعفے دینے ہی ہیں تو اس کی شروعات صدر عارف علوی سے کریں۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کے اسمبلیوں سے استعفوں کے فیصلے پر کہا کہ استعفے کی بات عوام کو بے وقوف بنانے کی سازش ہے، کل عمران خان الیکشن کی تاریخ لینے آئے تھے یا استعفیٰ دینے آئے تھے، اگر استعفے دینے ہیں تو عمران خان ہمت کریں اور اس کا آغاز صدر عارف علوی سے کریں، آج اتوار کے دن ان سے استعفیٰ دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں عوام کی سہولت کے لئے ایک بھی منصوبہ نہیں دیا ، صرف سیاسی مخالفین کو دبانے میں پورا عرصہ ضائع کردیا ۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ اتحادی حکومت بھی کوئی کام نہ کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ون پوائنٹ ایجنڈہ ہے کہ کسی طرح ملک کو نقصان پہنچائے، کل کے جلسہ میں اداروں پر تنقید کی گئی ، یہ عمران خان کا طرز سیاست ہے، جوکہ پاکستان کے لئے بہتر نہیں اور سیاست کا یہ انداز اُن کی ناکامی کا بڑا سبب ہے، موجودہ حکمران اتحاد پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور جمہوریت کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا، عمران خان کا کل کا جلسہ ایک کارنر میٹنگ تھی ، پورے پاکستان سے لوگوں کو بلایا گیا تھا ، لیکن ایک سڑک بھی بھر نہ سکے، وہ دن دور نہیں کہ عمران خان سلاخوں کے پیچھے ہوں اور سنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے کمروں کی صفائی ہو رہی ہے۔

 

شرجیل میمن نے  ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پرویز الہٰی سمجھدار وزیر اعلیٰ ہیں، ان کو اقتدار بڑی قسمت سے ملتا ہے ، پرویز الہٰی حادثاتی طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب بنے ہیں، وہ عمران خان جیسے بے وقوف کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اپنے ایم این اے اور ایم پی ایز عمران خان سے استعفوں پر اتفاق نہیں کریں گے، عمران خان نے قومی اسیمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کیا ، لیکن کچھ عرصے بعد ان کے لیاری اور جیکب آباد سے منتخب ایم این ایز نے یو ٹرن لیا اور کہا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا، پی ٹی آئی کو اس طرح میدان چھوڑ کر بھاگنے نہیں دیں گے ، اپنی قیادت کے ویژن کے مطابق ان کو بہت جلد خود ہی ہٹائیں گے۔

Back to top button