2 آف شور کمپنیوں کا پتہ عمران کے گھر کا کیوں ہے؟

https://youtu.be/j_OPkbZBP1I
پنڈورا پیپرز کے لئے تحقیقات کرنے والے صحافیوں کو لاہور کے علاقے زمان پاک میں وزیر اعظم عمران خان کے گھر کا ایڈریس رکھنے والی دو آف شور کمپنیوں کے بارے میں بھی معلوم ہوا تھا لیکن رابطہ کرنےپر انہیں بتایا گیا کہ ان دونوں کمپنیوں کا عمران خان سے کوئی تعلق نہیں اور یہ کہ حادثاتی طور پر ان کمپنیوں کے مالک فرید الدین کا پتہ بھی 2 زمان پارک کا ہے۔ پینڈورا پیپرز میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے علاقے 2 زمان پارک کا یہ پتہ دو آف شور کمپنیوں لاک گیٹ انوسیمنٹس لمیٹڈ اور ہاک فیلڈ لمیٹڈ کے زیر استعمال رہا ہے جبکہ انکی ملکیت فرید الدین خان ولد سعید الدین خان نامی شخص کی ہے جو خود کو عمران خان کا دور پار کا رشتہ دار بتاتا ہے۔ یہ دونوں آف شور کمپنیاں ایک افریقی جزائر پر مشتمل ملک سی شیلز میں رجسٹرڈ ہیں، جنہیں دو ڈائریکٹرز آندرس میکسمینو سانچز اور موئرا اتزل گویرا کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔
پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کا حصہ رہنے والے صحافی عمر چیمہ کے مطابق ہاک فیلڈ لمیٹڈ نامی آف شور کمپنی کی پاور آف اٹارنی فرید الدین کے پاس ہے جس کا ثبوت انگلیڈ اور ویلز کی عدالت کی جانب سے کیس نمبر ( HQ09X03008 ) سے بھی ملتا ہے۔ عمر کے مطابق عموما آف شور کمپنیوں کی دستاویزات میں ان کی مکمل معلومات، ان کے آپریشنز، ان کے اثاثے، ان کی قیمت اور بینک کے کھاتوں کے حساب کا سارا ڈیٹا موجود ہوتا ہے۔ تاہم ان دونوں کمپنیوں سے متعلق دستاویزات میں صرف بنیادی معلومات ہی دستیاب تھیں۔ آئی سی آئی جے نے اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو تحریری سوالنامہ بھیجا تھا تاکہ ان کا موقف سامنے آ سکے۔ لیکن جواب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے شہباز گل نے بتایا کہ عمران کا ان دونوں کمپنیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اور گھر کے ایڈریس میں مماثلت بھی حادثاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زمان پارک کے دو داخلی راستے ہیں، ایک راستہ کینال روڈ سے ہے جبکہ دوسرا سندس روڈ سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان دونوں گھروں کے نمبر ایک ہی ہیں تاہم وزیراعظم کی رہائش گاہ کینال روڈ سے نمبر دو پر ہے جبکہ فرید کے گھر کا ایڈریس سندس روڈ سے دو نمبر پر ہے۔ شہباز کے مطابق یہ دو الگ الگ رہائش گاہیں ہیں اور ایک دوسرے کیساتھ جڑی ہوئی بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرید خان کا وزیراعظم سے کوئی براہ راست تعلق بھی نہیں ہے۔ تاہم ایک اور ذریعہ نے بتایا کہ فرید خان عمران خان کے ننھیال میں سے دور کا رشتہ دار ہے۔ فرید خان نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ عمران خان کا دور پار کا رشتہ دار ہے۔
عمر چیمہ کے مطابق فرید الدین نے بھی رابطہ کرنے پر گھر کے ایڈریس بارے شہباز گل کا موقف دہرایا۔ فرید نے بتایا کہ جب وہ برطانیہ میں رہائش پذیر تھے تب لاک گیٹ انویسمنٹس انکی اپنی کمپنی تھی۔ تاہم ہاک فیلڈ انکے ایک دوست کی کمپنی تھی جس نے انہیں ایک زمانے میں اپنا اٹارنی مقرر کیا تھا۔ اسی لئے دوسری اف شور کمپنی کا پتہ بھی انکے 2 زمان پارک والا ہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پنڈورا پیپرز پبلک کیے جانے سے پہلے ہی وزیراعظم اس پریشانی کا شکار ہوگئے تھے کہ کہیں ان میں ان کا نام بھی شامل نہ کر دیا جائے۔ ان کو یہ پریشانی تب لاحق ہوئی جب آئی سی آئی جے نے دو زمان پاک کے پتے پر دو آف شور کمپنیوں کے حوالے سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا۔ بجائے کہ موقف دیتے کے لیے پنڈورا پیپرز کے پبلک ہونے کا انتظار کیا جاتا، وزیر اعظم کی میڈیا ٹیم نے اسٹیبلشمنٹ کا ماؤتھ پیس سمجھے جانے والے ٹی وی چینل اے آر وائے پر ایک رپورٹ چلوا دی جس میں بتایا گیا کے پینڈورا پیپرز میں دو زمان پاک کے ایڈریس پر جن آف شور کمپنیوں کا پتہ چلا ہے ان کا عمران خان سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ گھر وزیراعظم کی ملکیت ہے۔
چور کی داڑھی میں تنکے کے مصداق پنڈورا پیپرز کے آنے سے 24 گھنٹے پہلے ہی اے آر وائے کے رپورٹر نے ہنگامی طور پر زمان پارک پہنچ کر فریدالدین نامی شخص کا انٹرویو بھی کر ڈالا جس نے دعویٰ کیا کہ آف شور کمپنی کے مالک وہ ہیں اور عمران خان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔ فرید نے بتایا کہ 2008 میں انہوں نے لاک گیٹ نامی کمپنی بنائی تھی جسکے بعد انہوں نے ایک دوست کے نام پر ہاک فیلڈ لیمیٹڈ نامی آف شور کمپنی بھی بنائی۔ لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کا زمان پارک کے مشہور برکی خاندان سے تعلق ہے اور ان کی عمران کے ساتھ ملاقاتیں بھی رہی ہیں، تاہم 2018 میں انکے وزیر اعظم بننے کے بعد سے ان کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔
