200 یونٹس تک کےبجلی صارفین کیلئے کیو آر رجسٹریشن لازمی قرار

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کی سہولت اور حکومتی سبسڈی کو مستحق افراد تک شفاف انداز میں پہنچانے کیلئے نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ نئی تبدیلی کے تحت اب 200 یونٹس تک یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے سبسڈی حاصل کرنا کیو آر کوڈ رجسٹریشن سے مشروط ہوگا۔صارفین کو اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کر کے ایک مخصوص آن لائن لنک پر رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی، جس کے بعد ہی وہ سبسڈی کے اہل تصور کیے جائیں گے۔

نئے نظام میں ہر صارف کے بل پر واضح طور پر درج ہوگا کہ اسے کس مہینے میں کتنی سبسڈی فراہم کی گئی ہے، تاکہ حساب کتاب زیادہ شفاف بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق یہ اقدام عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی تجاویز کے تحت کیا جا رہا ہے تاکہ سبسڈی کے موجودہ نظام میں شفافیت لائی جا سکے۔ حکومت کراس سبسڈی اور ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی کے نظام کو بھی مرحلہ وار ختم کرنے پر غور کر رہی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ بعض صارفین کی جانب سے 200 یونٹس کی حد برقرار رکھنے کیلئے اضافی میٹرز کے استعمال کی شکایات سامنے آئی ہیں، جنہیں روکنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزارتِ توانائی کے مطابق اس اقدام کا مقصد سبسڈی ختم کرنا نہیں بلکہ اسے زیادہ منظم، شفاف اور صرف مستحق طبقے تک محدود کرنا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کم اور متوسط آمدنی والے صارفین کو ریلیف دینا ترجیح ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے بروقت رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ سبسڈی کا تسلسل برقرار رہے۔ کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ بجلی کمپنی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Back to top button