کشمیریوں نےاحتجاج کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہناہے کہ آزادکشمیرکے عوام نے مشکل حالات میں بہترین فیصلہ کیا، دنگا فساد، قتل وغارت،خون خرابہ، احتجاج اور ہڑتالوں کو آزاد کشمیرکے عوام نے ووٹ کی طاقت سے شکست دی۔
مری میں ن لیگ آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر پاکستان اور آزادکشمیرکو لڑانا چاہتے تھے، ان کےلیے شکست فاش ہے، آزادکشمیرکےعوام کوپتا ہے ان کو کیا چاہیے، ان کوپتا ہےکہ وفاق اورپنجاب میں کیا کام ہو رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرکے عوام نے تعمیر وترقی کو ووٹ دیا، الیکشن بڑا ٹیسٹ نہیں تھا اب ہمارا ٹیسٹ شروع ہوگیا ہے، ہم نے پہلے دن سے کام کرنا ہے، پروٹوکول اور دعوتوں سے لطف اندوز نہیں ہونا، حکومت بنتے ہی کشمیر کے لیے فوری کام شروع کرنا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جدید پاکستان کا ایک بانی ہے اور اس کا نام نواز شریف ہے، جتنی سازشیں ن لیگ کےخلاف ہوتی آئی ہیں شاید ہی کسی اور جماعت کے خلاف ہوئی ہوں، ہمارے قائدین کو بہت مشکل مراحل سے گزرنا پڑا، 2021 کے الیکشن میں جب وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، مسلم لیگ ن کو 17 اور پی ٹی آئی کو 3 سیٹیں ملیں لیکن رزلٹ کو الٹا دیا گیا، الحمد اللہ مسلم لیگ ن نے اپنی اکثریت واپس چھینی ہے، وہ لوگ جوکہتے تھے کہ ن لیگ کمزور ہوگئی اور ختم ہونے والی ہے ان کو بہترین جواب مل گیا، کسی ایک جماعت کا مستقبل روشن ہے تو وہ ن لیگ ہے۔
