گورنر ہاؤس نے گورنر راج یا ایمرجنسی کی صورت میں آئینی کردار کیلئے تیاری مکمل کرلی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات میں صوبے کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ آئینی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا کو دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنے آئینی کردار کو ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر صدر مملکت اور وزیراعظم خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کو ضروری سمجھتے ہیں تو گورنر ہاؤس اس حوالے سے اپنا آئینی کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق لانگ مارچ کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر یا دیگر سرکاری وسائل کا استعمال عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔
