کے پی میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی حکمت عملی تیار
آئی جی خیبرپختونخوا نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے پولیس کو الرٹ رکھنے اور مختلف اضلاع سے اہلکار پولیس لائنز طلب کیے جانے سے آگاہ کیا۔

پشاور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو صوبے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ مختلف اضلاع سے پولیس اہلکاروں کو پولیس لائنز طلب کرلیا گیا ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔
دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان پشاور میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا کو دہشتگردی سے محفوظ رکھنے کیلئے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے حوالے سے محسن نقوی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس کی ذمہ داری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر عائد ہوتی ہے اور مذاکرات کا عمل ختم ہوچکا ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق مذاکرات کے دوران معاہدے کے مسودے میں چار مرتبہ تبدیلی کی گئی اور 99 فیصد نکات پر اتفاق ہوگیا تھا، تاہم صدر کو معاہدہ دکھانے کے بعد واپسی پر دوبارہ تبدیلی کرائی گئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر حتمی فیصلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہی کرنے تھے تو انہیں خود مذاکرات میں شریک ہونا چاہیے تھا۔
