صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز میں ایرانی حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے تین ڈسٹرائر جنگی جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گئے، تاہم اس دوران انہیں ایرانی حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں مزید کہنا تھا کہ ایرانی فورسز نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، مگر تمام میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے گئے اور امریکی جہاز مکمل طور پر محفوظ رہے۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے بھیجی گئی چھوٹی حملہ آور کشتیاں بھی تباہ کر دی گئیں جبکہ بعض کشتیاں سمندر میں غرق ہو گئیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی دفاعی نظام نے داغے گئے میزائل فضا میں ہی ناکارہ بنا دیے، جبکہ ڈرونز کو بھی ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔

صدر ٹرمپ نے ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معمول کا ملک عالمی بحری گزرگاہ میں اس طرح کی کارروائی نہیں کرتا، اور ان کے مطابق ایران کی قیادت انتہا پسند سوچ رکھنے والے عناصر کے زیر اثر ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کا موقع ملا تو وہ اسے استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا، اسی لیے امریکا تہران کو ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔اپنے بیان کے آخر میں امریکی صدر نے ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے آج ایران کو “ناک آؤٹ” کر دیا ہے، تاہم اگر تہران نے کسی معاہدے پر دستخط نہ کیے تو اس سے بھی زیادہ سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Back to top button