کارسرکار میں مداخلت، عمران خان انسداد دہشتگردی عدالت میں طلب

کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں طلب کر لیا گیا ہے، عدالت کی جانب سے سمن جاری کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر پیش ہوئے، پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان زخمی ہیں جس کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
عمران خان کے وکیل نے طبی بنیادوں پر اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی کی جس پر عدالت نے عمران خان کی ٹانگ ٹھیک نہ ہونے کے حوالے سے ریمارکس میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی زمان پارک سے ایک ویڈیو جاری ہوئی جس میں وہ پیدل چلتے نظر آ رہے ہیں۔
اے ٹی سی نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ آپ عمران خان کی مستقل ضمانت پر دلائل دیں، وہ 15 فروری کو آئیں یا نہ آئیں ہم ضمانت پر فیصلہ دے دیں گے، عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 15 فروری کو انسداد دہشتگردی عدالت میں طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کی اور عمران خان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
