300یونٹ پر بجلی کے بل میں 3ہزار روپے کمی ہوگی،ریلیف پیکیج تیار

بجلی کے زائد بلوں پر شہریوں کااحتجاج رنگ لے آیا،نگران حکومت نے بجلی بلوں پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیکیج تیار کرلیا۔300یونٹ بجلی کے بل پر 3ہزار جبکہ 60سے70ہزار تک بجلی بلوں پر 13ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔
نگران وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وفاقی حکومت کی جانب سے بھاری بجلی کے بلوں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے بھاری بلوں میں ریلیف کے مد میں اکتوبر میں 300 یونٹ تک کے صارفین کے بلوں میں 3 ہزار روپے تک کمی ہوگی جبکہ 60 سے 70 ہزار روپے تک بجلی بلوں میں 13 ہزار روپے تک کمی ہوگی۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عوام سے ریلیف کا وعدہ کیا تھا لیکن اعلیٰ سرکاری ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں کو مؤخر کرنے کی پاکستان کی درخواست پر تاحال مکمل طور پر منظوری نہیں دی۔
دی نیوز میں شائع مہتاب حیدر کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستانی مذاکرات کاروں کو بہت ٹف ٹائم دے رہا ہے، دونوں فریق اب تک اضافی بلوں کی ادائیگی کے فارمولے پر کوئی اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکے ہیں۔
