47 سال بعد روس کا خلائی مشن چاند پر روانہ،نمونے جمع کریگا

47 سال بعد روس کا خلائی مشن ‘لونا 25 ‘چاند پر روانہ کر دیا گیا۔روسی خلائی ایجنسی کے مطابق مشن چاندکے قطب جنوبی پر اتر کے نمونے جمع کرےگا تاکہ چاند پر پانی کی ممکنہ موجودگی کا پتہ لگایا جاسکے۔روسی خلائی ایجنسی راسکوسموس کے مطابق لونا-25 پانچ روز میں چاند تک پہنچےگا اور پھر چاند کے مدار میں 5 سے 7 روز گزارنے کے بعد چاند کی سطح پر اترے گا۔

روسی مشن ایسے وقت میں روانہ ہو ا ہے جب بھارت کا مشن چندریان 3 چاند کے مدار میں موجود ہے اور اس نے حال ہی میں چاند کی کھینچی جانے والی اولین تصاویر جاری کی ہیں جن میں چاند کی سطح کو دکھایا گیا ہے۔چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا اور لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور پھر 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوا، یہ 23 اگست کو چاند کے قطب جنوبی میں اترنےکی کوشش کرےگا۔اگر چندریان 3 مشن قطب جنوبی میں اترنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو بھارت چاند کے قطب جنوبی میں مشن اتارنے والا پہلا ملک بن جائےگا تاہم اگر روس کا لونا-25 اپنے پروگرام کے مطابق چاندکی سطح پر اترنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ قطب جنوبی میں اترنےکی دوڑ میں بھارت کو شکست بھی دے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ  1976 کے بعد روس کا یہ چاند کا پہلا مشن ہے، آخری بار سوویت دور میں لونا-24 چاند کی سطح سے 170 گرام مٹی لے کر کامیاب لوٹا تھا تاہم اس کے بعد مشنز کی ناکامی اور مالی مسائل کے باعث یہ پروگرام بند کردیا گیا تھا۔

Back to top button