خواتین کے لیے میٹرو ٹریک پر 5 سپیڈو بسیں آپریشنل کردی گئیں

لاہور میں میٹرو بس سروس استعمال کرنے والی خواتین کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے اہم اقدام کرتے ہوئے 5 سپیڈو بسیں آپریشنل کر دی ہیں تاکہ انہیں زیادہ محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے مطابق میٹرو بس سروس میں خواتین کے لیے پانچ سپیڈو بسیں مختص کی گئی ہیں۔ عارضی طور پر پانچ سپیڈو بسوں کو میٹرو ٹریک پر آپریشنل کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ رش کے اوقات میں خواتین کو ہراسگی سے محفوظ رکھنے اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اضافی بسیں شامل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے سپیڈو بسوں کو عارضی طور پر میٹرو فلیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
محترمہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، صدر اور وزیراعظم
بلال اکبر خان کے مطابق جلد ہی سپیڈو بسوں کی جگہ نئی میٹرو بسیں خرید کر خواتین کے لیے مستقل طور پر مختص کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا محفوظ اور باوقار سفر وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
