پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

 

 

 

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کروشیا نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آئی ٹی، لیبر موبیلیٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ طویل عرصے بعد کروشیا کی جانب سے پاکستان کا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات انتہائی مثبت،تعمیری اور جامع رہے،جن میں پاکستان اور کروشیا کے دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کےلیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

 

اسحاق ڈار نے بتایاکہ پاکستان اور کروشیا نے تجارت،سرمایہ کاری، ترقی،زراعت، لیبر موبیلیٹی،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مشاورتی نظام کو فعال رکھتےہوئے رواں سال کی آخری سہ ماہی یا 2027 کی پہلی سہ ماہی میں باقاعدہ مشاورتی اجلاس منعقد کرنےپر بھی اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگرچہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارتی حجم میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے،تاہم یہ اب بھی دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت سے کہیں کم ہے۔اس خلا کو پُر کرنے کےلیے بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دینے،نجی شعبے کے درمیان تعاون بڑھانے اور مستقبل میں مشترکہ تجارتی و سرمایہ کاری فورم کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

 

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں کام کرنےوالی کروشین کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو سراہتے ہوئے کروشیا کے نجی شعبے کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع،جدید بندرگاہیں،خصوصاً کراچی پورٹ، اور بہتر رابطہ نظام خطے اور اس سے آگے تجارتی سرگرمیوں کےلیے غیرمعمولی مواقع فراہم کرتے ہیں۔

کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کروشیا کی متعدد کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، جن میں پن بجلی گھروں کے لیے آلات اور توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی شامل ہے، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کروشین وزیر خارجہ نے کہاکہ دونوں ممالک دوا سازی،صحت، آئی ٹی، میری ٹائم،سیاحت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دےسکتے ہیں۔

انہوں نے کروشیا کو یورپی منڈیوں تک رسائی کےلیے ایک اہم گیٹ وے قراردیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی کمپنیاں کروشیا کے ذریعے وسطی اور جنوبی یورپ کی منڈیوں سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔

ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے کہا کہ کروشیا بارودی سرنگوں کی صفائی،شہری تحفظ،ہنگامی امداد، فائر فائٹنگ،بحران سے نمٹنے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں میں بھی مہارت رکھتا ہے، جن میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم سے کروشین وزیر خارجہ کی ملاقات

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے پر اتفاق کیا ہے،جس کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے،تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے،رابطوں کو مضبوط بنانے اور توانائی،ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ کروشیا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےلیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

 

 

Back to top button