وزیراعظم سے کروشین وزیر خارجہ کی ملاقات

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان نے ملاقات کی اور باہمی تعاون کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کروشیا کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات باہمی احترام،خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے تجارت و سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، روابط، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سرکاری دورے کی پُرخلوص دعوت دی۔
کروشیا کے وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔
محسن نقوی کی سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات
کروشین وزیر خارجہ نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان اور اس کی قیادت کے نمایاں کردار کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان اور کروشیا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا۔
