محترمہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، صدر اور وزیراعظم

مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف ان کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد، قیادت اور قومی خدمات ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح پاکستان کی تاریخ کے اہم اور فیصلہ کن ادوار میں استقامت اور عزم کی علامت بن کر ابھریں۔ انہوں نے سماجی رکاوٹوں کا مقابلہ کرتے ہوئے برصغیر کی خواتین کو تحریکِ آزادی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی اور انہیں ایک مؤثر قومی قوت کے طور پر منظم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم مادرِ ملت کی برسی پر ان کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ محترمہ فاطمہ جناح کی انتھک جدوجہد، بے خوف قیادت اور غیر متزلزل عزم تحریکِ پاکستان کا ایک روشن اور قابلِ فخر باب ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ مادرِ ملت آج بھی نوجوان نسل، خصوصاً خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ خواتین ہر قومی مقصد میں مؤثر اور تعمیری کردار ادا کر سکتی ہیں، جبکہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی محترمہ فاطمہ جناح نے سماجی و سیاسی ترقی، قومی یکجہتی اور مثبت اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ملکی استحکام کی ضمانت ہے: بیرسٹر گوہر
صدر مملکت اور وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے درجات بلند فرمائے اور قوم کو ان کی خدمات اور افکار سے رہنمائی حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
