پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن نظرثانی درخواست کو فل کورٹ بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی درخواست کردی

پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق نظرثانی کی درخواست کو سپریم کورٹ کے 13 رکنی فل کورٹ بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی درخواست کردی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست بیرسٹر علی ظفر نے دائر کی، دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نظرثانی درخواست کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لارجر بینچ کے سامنے سنا جائے۔

دائر درخواست کے مطابق سپریم کورٹ کے 13 جنوری کے فیصلے سے پی ٹی آئی اور سپورٹرز کو نقصان پہنچ رہا ہے، پی ٹی آئی ارکان فیصلے کے بعد بلے کے نشان پر انتخابات لڑنے سے محروم ہوگئے تھے، کیس ووٹرز کے حقوق سے متعلق ہے جس کا آئین مکمل تحفظ دیتا ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بلے کے نشان سے متعلق 13 جنوری کو فیصلہ سنایا تھا جس میں پی ٹی آئی انٹرا الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی کو بلے کا نشان نا دینے کا فیصلہ دیا گیا تھا۔ تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

Back to top button