اسپیکر پنجاب اسمبلی کا اخلاقیات کمیٹی بنانے کا اعلان
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ اسمبلی کا ماحول بہتر بنانے کےلیے اخلاقیات کمیٹی بنا رہے ہیں، کمیٹی اسمبلی میں اخلاقیات کو برقرار رکھنے کےلیےکام کرے گی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہم ہر اس گندی روایت کو جو پچھلی حکومت نے ڈالی تھی، ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں آج ایک نئی کمیٹی، کمیٹی آف ایتھکس بنانے کا اعلان کررہا ہوں۔ یہ کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ کس نے کس کو ماں بہن کی گالیاں دی ہیں اور اس کمیٹی کی رپورٹ پر جو سزا بنتی ہے وہ دی جائے گی۔ آپ چوک میں کھڑے ہوکر مجمع سازی نہیں کررہے، بلکہ یہ ہاؤس ہے جو آئین کے تحت چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی روایات کی پاسداری بہت ضروری ہے، پارلیمان کی توقیر و احترام سب پر لازم ہے، ہمیں ایک ضابطہ اخلاق بنا لینا چاہیے، مقدس ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، اس کی تنزلی اپنے ذاتی مفادات کی خاطر کی جا رہی ہے، پہلے اس ایوان میں نعرے بازی کی جاتی تھی لیکن اب ماں بہن کی گالیاں دی جاتی ہیں جو قابل قبول نہیں۔
اخلاقی کمیٹی میں پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔ میں نے حتی الوسع کوشش کی کہ ہاؤس آرڈر میں رہے، جب ایسا نہیں ہوا تو میں نے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اسمبلی شتر بے مہار نہیں ہے، اسپیکر کا حق ہے کہ ہاؤس کا آرڈر برقرار رکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوان کو چلانا میری ذمہ داری ہے، کسی صورت ماحول خراب نہیں ہونے دوں گا، ہم گندی زبان استعمال کرکے ایک دوسرے کو اشتعال نہیں دلانا چاہیے، احتجاج سب کا حق ہے، اب احتجاج غلیظ گالیوں تک پہنچ چکا ہے، پہلے ہلڑ بازی، شورشرابا تھا اب بات گالم گلوچ تک پہنچ گئی ہے۔