اسرائیل اور بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی امن کےلیے خطرہ ہیں : صدر آصف علی زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری کاکہنا ہےکہ اسرائیل کا غزہ میں قتل عام اور بھارت کی مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کےلیےخطرہ ہیں۔

عالمی یوم امن کےموقع پر اپنےپیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کاسامنا ہے،تنازعات عالمی امن کو خطرےمیں ڈال رہےہیں، ہم سب کو اقوامِ عالم کےمابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کےکلچر کو فروغ دینا ہے۔

صدر پاکستان کاکہنا تھا اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، اسرائیل ہزاروں لوگوں کے غزہ میں قتل عام سےفلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے جب کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے، مودی حکومت بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کانشانہ بنارہی ہے، بھارت مسلمانوں کےبنیادی حقوق سلب کررہا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کاکہنا تھا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہیں، ہمیں ناانصافی اور ظلم کےخلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،دنیا کی ترجیح تنازعات کی بجائے انسانیت کو درپیش مسائل کاحل ہونا چاہیے،غربت، بھوک، ناانصافی، ظلم جیسے مسائل کےحل پر توجہ دینا ہوگی۔

صدر آصف علی زرداری کاکہنا تھا دنیا امن کےبغیر ترقی اور خوش حالی حاصل نہیں کرسکتی، جنگیں اور تنازعات لوگوں کےلیے مشکلات اور مصائب میں اضافہ کرتے ہیں،آئیے امن، رواداری اور انسانی وقار کےاحترام کے فروغ کےلیے اپنےعزم کا اعادہ کریں، ہم سب ملکر ایک پرامن مستقبل اور ایک بہتر دنیا تشکیل دے سکتے ہیں، ہم ایسی دنیا تشکیل دےسکتے ہیں جہاں ہماری آئندہ نسلیں امن اور ہم آہنگی کےساتھ رہ سکیں۔

آئینی ترامیم : مولانا فضل الرحمٰن کو جلد ایک پیج پر لے آئیں گے، بلاول بھٹو

Back to top button