کرپٹو کرنسی کی بڑی واردات، ہیکرنےڈیڑھ ارب ڈالرزچرالئے

کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی واردات، ہیکر ڈیڑھ ارب ڈالرز چرانے میں کامیاب ہو گئے۔

کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائی بٹ نے سائبر سکیورٹی سے جڑے ‘روشن ترین ذہنوں’ سے مدد کی درخواست کی ہے تاکہ وہ ہیکرز کی جانب سے چوری کی گئی ڈیڑھ ارب ڈالرز کی ڈیجیٹل کرنسی کو واپس حاصل کرسکے۔

یہ آن لائن کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل چوری قرار دی گئی ہے۔

دبئی سے تعلق رکھنے والے کرپٹو پلیٹ فارم کے مطابق ایک ہیکر نے ڈیجیٹل کرنسی کے ایک والٹ کا کنٹرول حاصل کرکے اس کا مواد نامعلوم ایڈریس میں منتقل کر دیا۔

بائی بٹ کی جانب سے اس چوری کے فوری بعد صارفین کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے کرپٹو کرنسی کے ذخائر محفوظ ہیں اور اگر کسی کو نقصان ہوا ہے تو کمپنی کی جانب سے تلافی کی جائے گی۔

بائی بٹ کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ اگر ہیک ہوئی ڈیجیٹل کرنسی کو واپس حاصل کرنے میں ناکامی ہوئی تو بھی کمپنی کی جانب سے صارفین کو مکمل ادائیگی کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی کے پاس صارفین کے 20 ارب ڈالرز کے اثاثے ہیں اور ہم نقصان کی تلافی کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایک تخمینے کے مطابق دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 6 کروڑ سے زائد افراد بائی بٹ کی سروسز کو استعمال کرتے ہیں اور یہ دنیا کا دوسرا بڑا کرپٹو کرنسی ایکسچینج پلیٹ فارم ہے۔

Back to top button